کھیلوں کی سرگرمیاں جسمانی، دماغی صحت کے لیے ضروری ہیں۔
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر2021ء) کرکٹ سپر لیگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی محمد امین احمد نے اتوار کو کہا کہ کھیل جسمانی تندرستی اور دماغی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکلاء کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں ناگزیر ہیں تاکہ وہ خود کو تروتازہ کر کے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔
راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام راولپنڈی اور چکوال کی ڈسٹرکٹ بارز کے درمیان میچ کا انعقاد کیا گیا۔
ہائی کورٹ بار کرکٹ سپر لیگ کے فائنل میں ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے ڈسٹرکٹ بار چکوال کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستان بار کونسل کے ممبر سید قلب حسن، پنجاب بار ممبران بشارت اللہ خان، توفیق آصف، چوہدری اشفاق کہوٹ، اسد عباسی ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر رضوان اختر اعوان، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد کیف، سیشن جج راولپنڈی ملک آصف مجید اعوان نے میچ دیکھا۔
ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبدالرازق نے کہا کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ تفریح کے لیے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔